پنجاب حکومت نے عمران خان کی ضمانت کیخلاف اپیلیں واپس لے لیں
سپریم کورٹ میں پنجاب حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان اکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لے لیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپریم کورٹ میں پنجاب حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان اکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لے لیں۔

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیلوں پر سماعت ہوئی، دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ملزمان کی ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لینے کی ہدایات ملی ہیں۔

سرکاری وکیل کے مؤقف پر عدالت عظمیٰ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منسوخی کی اپیلیں واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دیں۔

دریں اثنا سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سائفر کیس پر بھی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا عمران خان کی رہائی کیلئے فورس بنانے کا اعلان

پراسیکیوٹر جنرل نے مؤقف اپنایا کہ ہم نے اس کیس کا تفصیلی فیصلہ جمع نہیں کرایا، اس کے لئے مہلت دی جائے، اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر روسٹرم پر آ گئے، جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ کیا کر رہے ہیں؟

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ سر میں کورٹ میں تھا مجھے اس کیس میں نوٹس نہیں ہوا جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ چاہتے ہیں تو آپ کو نوٹس کر دیتے ہیں لیکن ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ اپیل قابلِ سماعت ہے یا نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے تفصیلی فیصلہ جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی۔