سہیل آفریدی کا عمران خان کی رہائی کیلئے فورس بنانے کا اعلان
Imran Khan release force
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) سہیل آفریدی نے بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کیلئے ایک مخصوص فورس بنانے کا اعلان کر دیا، یہ اعلان انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، عدالتی احکامات اکثر نظر انداز کیے جاتے ہیں اور بانی کو ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی جاتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس فورس کا مقصد پرامن جدوجہد کے ذریعے عمران خان کی رہائی کو یقینی بنانا ہوگا، فورس کی رجسٹریشن کی جائے گی اور عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں فورس کے ممبران سے حلف لیا جائے گا۔

اس فورس کا چین آف کمانڈ واضح ہوگا اور عمران خان جس شخص کو ذمہ داری دیں گے، وہ فورس کی قیادت کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو آئندہ چند روز میں پہلا انجکشن لگایا جائیگا: طارق فضل

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پہلے تیاری کریں گے پھر لڑائی کریں گے، یہ جدوجہد جمہوریت، آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے تحفظ کیلئے ہوگی۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اپنے خلاف سازش کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عزت و ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، جو بھی مجھے ہٹانے کی کوشش کرے گا، اسے عمران خان کی بہنوں سے پوچھنا چاہیے۔