رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہو گا
پاکستان میں رمضان المبارک 1446ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جبکہ زونل ہلال کمیٹیوں کے اجلاس میں متعلقہ زونل ہیڈ کوارٹرز میں جاری ہیں۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پاکستان میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا، ملک میں کل بروز جمعرات پہلا روزہ ہو گا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت پشاور میں ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جبکہ زونل ہلال کمیٹیوں کے اجلاس میں متعلقہ زونل ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے۔

ذرائع کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، پاکستان میں کل پہلا روزہ ہو گا۔

قبل ازیں ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عتیق اللہ نے بتایا ہے کہ شہادتیں اپردیر سے موصول ہوئی ہیں ، ضلع مہمند سے 6 شہادتیں موصول ہوچکی ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ لنڈی کوتل اور مضافات سے بھی چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں، اسلام آباد سے رمضان کا چاند نظر آنے کی 3 شہادتیں موصول ہوئی ہیں، پشاور میں بھی رمضان کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا

ادھر لکی مروت میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، لکی سٹی اور سرائے نورنگ کے مضافات میں چاند دیکھے جانے کی تصدیق ہو گئی، شہریوں کی بڑی تعداد نے چاند دیکھنے کی گواہی دے دی۔

رکن کمیٹی مفتی عتیق اللہ نے کہا ہے کہ شہادتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کریں گے۔