پنجاب حکومت: اربوں روپے مالیت کا لگژری طیارہ خریدنےکا انکشاف
Luxury Jet Purchase
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے وی آئی پی ٹرانسپورٹ کے لیے کروڑوں ڈالرز مالیت کا لگژری طیارہ خریدنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے خریدے گئے وی آئی پی کروڑوں ڈالرز مالیت کا لگژری طیارہ خریدنے کے دعووں نے سیاسی وعوامی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اس حساس معاملے پر صوبائی حکام نے تاحال مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، زرائع کے مطابق حکومتِ پنجاب نے 2019 کا تیار کردہ گلف اسٹریم GVII-G500 طیارہ حاصل کر لیا ہے جس کی تخمینہ قیمت 38 ملین سے 42 ملین ڈالرز (تقریباً 11 سے 12 ارب پاکستانی روپے) بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں مزید یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ طیارے کا موجودہ رجسٹریشن نمبر N144S ہے جسے جلد ہی پاکستانی رجسٹریشن میں تبدیل کر دیا جائے گا، فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ طیارہ 12 فروری سے پنجاب کے مختلف ہوائی اڈوں کے درمیان پروازیں بھی کر رہا ہے۔

 مزید برآں، امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ریکارڈ کے مطابق یہ طیارہ فی الحال ایک ٹرسٹی کمپنی کی ملکیت میں ہے جو عام طور پر غیر ملکی شہریوں یا رازداری کے خواہش مند خریداروں کے لیے طیاروں کی خرید و فروخت کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یکم رمضان: ملک بھر میں بینکوں کی تعطیل کا اعلان

خیال رہے کہ ان سنگین دعووں کی تصدیق یا تردید کے لیے جب پنجاب کے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کالز اور پیغامات کا کوئی جواب نہیں دیا، دوسری جانب ایڈیشنل سیکرٹری (ویلفیئر) وسیم حامد نے طیارے کی خریداری کی تردید تو کی لیکن مزید تفصیل بتانے سے قبل ہی کال منقطع کر دی۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر نے حکومت کے اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب پاکستانیوں سے قربانیاں مانگی جا رہی ہیں تو پنجاب کے وی آئی پیز لگژری پرائیویٹ جیٹ میں اڑنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

 محمد زبیر نے بھی سوال اٹھایا کہ کیا ایک ایسی قوم جہاں 45 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، 1000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے طیارے کی عیش و آرام کی متحمل ہو سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر یہ خبر درست نہیں تو حکومتِ پنجاب فوری طور پر اس کی باضابطہ تردید جاری کرے۔