رمضان المبارک کا چاند کتنے بجے نظر آئے گا؟
Ramadan 2026 moon sighting
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ماہِ رمضان کے منتظر شہریوں کیلئے ماہرِ فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتا دیا کہ رمضان 2026 کا چاند کتنے بجے نظر آئے گا۔

ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق نیا چاند گزشتہ روز 17 فروری کو شام 5 بج کر 15 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے، آج 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے ہوگی، جو رویت کیلئے ایک موزوں عمر سمجھی جاتی ہے۔

ماہرِ فلکیات نے بتایا کہ سن سیٹ اور مون سیٹ کے درمیان دورانیہ تقریباً 57 منٹ ہوگا، جو چاند دیکھنے کیلئے انتہائی موزوں ہے۔

ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ کم از کم 20 گھنٹے کا چاند بھی دیکھنے کے قابل ہوتا ہے، آج چاند مناسب بلندی پر ہوگا، لہٰذا صاف موسم کی صورت میں شہری با آسانی رمضان کا چاند دیکھ سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دوربین کے ذریعے چاند کا منظر مزید واضح ہو جائے گا، بعض علاقوں میں بادل رویت پر اثر ڈال سکتے ہیں، مگر فلکیاتی پیرامیٹرز کے مطابق چاند کی رویت کے امکانات روشن ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری انسانی آنکھ سے بھی چاند دیکھ سکیں گے، جس کے بعد پاکستان بھر میں رمضان المبارک کے پہلے روز کا اعلان متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا؟ رپورٹ جاری

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ چاند دیکھنے کیلئے افق کی طرف صاف جگہ تلاش کریں تاکہ رمضان کی آمد کی خوشی با آسانی محسوس کی جا سکے۔

یہ پیش گوئی شہریوں میں رمضان کے آغاز کے حوالے سے جوش و خروش پیدا کر رہی ہے اور عوام توقع کر رہی ہے کہ آج شام کو رمضان کا چاند با آسانی نظر آئے گا۔