سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ سے ملاقات کرا دی گئی
اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم کی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرا دی گئی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم کی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرا دی گئی۔

جیل ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جیل حکام کی نگرانی میں طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت کروائی گئی جس میں دونوں میاں بیوی کو ایک دوسرے سے بات چیت کا موقع ملا۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی جو تقریباً چالیس منٹ تک جاری رہی، ملاقات بشریٰ بی بی کی فیملی سے ہونی والی ملاقات سے قبل کروائی گئی۔

جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں میاں بیوی نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت اور آنکھ کے علاج سے متعلق اہلیہ کو آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ جیل مینوئل کے مطابق اس سے قبل بھی متعدد بار عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی گئی تھی جس میں دونوں نے ساتھ وقت گزارا۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ بانی پی ٹی آئی کی بیماری کیش کرانا چاہتی ہیں، محسن نقوی

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل قواعد و ضوابط کے مطابق ہرہفتے میں ایک دفعہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کرائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت مختلف مقدمات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں،جہاں ان کے کیسز کی عدالتی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کو کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میسر سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے جیل میں ایک علیحدہ کمپاؤنڈ مختص کیا گیا ہے جو 7 سیلز پر مشتمل ہے اور اس میں 35 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: عدالت کا عمران خان کو گرفتار نہ کرنیکا حکم

رپورٹ کے مطابق کمپاؤنڈ کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری بھی موجود ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے 35 بائی 37 فٹ کا لان بھی مختص کیا گیا ہے جہاں وہ چہل قدمی کے علاوہ اخبارات اور کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں، مزید برآں انہیں ورزش کے لیے سائیکلنگ مشین اور جم کے سامان کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی صبح ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی اور چیا سیڈز کا استعمال کرتے ہیں، جبکہ مسمی اور انار کا تازہ جوس بھی ان کی غذا میں شامل ہے۔

دوپہر کے کھانے میں بانی پی ٹی آئی کو دیسی مرغ ، مٹن، سلاد، مکسڈ اچار، آلو چپس، فرائی انڈہ اور مکس دال فراہم کی جاتی ہے جبکہ شام کی غذا میں وہ بادام، کشمش، ناریل پاؤڈر، کھجور، کیلا اور سیب کا شیک لیتے ہیں۔