علیمہ بانی پی ٹی آئی کی بیماری کیش کرانا چاہتی ہیں: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی بیماری کیش کرانا چاہتی ہیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی بیماری کیش کرانا چاہتی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علیمہ خان نے پی ٹی آئی قیادت کے ہر فیصلے کو ویٹو کیا، وہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کےلیے منع کر دیتی تھیں، سیاسی انتقام ہوتوسب سے پہلے جیل مینول تبدیل ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی بینائی کے معاملے پر پروپیگنڈا کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ تماشہ بنا کر عوام کو گمراہ کرنا غیرمناسب اور زیادتی ہے، بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے سرکاری اور پرائیویٹ ڈاکٹرزکی بہترین ٹیم کا انتخاب کیا، ہم چاہتے تھے پی ٹی آئی قیادت کی موجودگی میں معائنہ ہو، سیاسی رہنماؤں نے کہا بانی کے علاج سے مطمئن ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا بانی پی ٹی آئی کو ایک ہفتے کےلیے ہسپتال منتقل کیاجائے، ڈاکٹر کہیں تو حکومت بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کو تیارہے ، بانی پی ٹی آئی کی بینائی پر پروپیگنڈا کیا گیا ، ہم نے یقین دلایا بانی پی ٹی آئی کو علاج کی ہرممکن سہولت فراہم کریں گے ، جب سب کچھ ہو رہا ہے تو پھر سڑکیں کیوں بلاک کی جا رہی ہیں ؟

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مکمل ناکام ہو چکی، علی امین گنڈا پور کا اعتراف

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ بانی کو جیل میں بہت زیادہ سہولیات میسر ہیں، کیا باقی تمام قیدیوں کو یہ سہولیات ملی ہوئی ہیں؟ میں تو چاہتا ہوں صحافیوں کو جیل میں ان کو میسرسہولیات دکھاؤں، حکومت اس معاملے پر سیاست نہیں کرنا چاہتی، آپ کے پاس کل میڈیکل رپورٹ بھی آ گئی ہے اور اس میں تمام چیزیں تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی گئی اسلام آباد ریڈزون بلاک کیا جائے، ہم نے تمام معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ سنبھالا، آپ کو احتجاج یا دھاوابولنے کا شوق ہے توخود دیکھ لیجیے گا کہ کیا ہوتا ہے، یہ مناسب نہیں کہ روز ملک میں خرابی پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کچھ لوگ صرف اپنی سیاست کے بارے فکر مند ہیں، کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت سے ہوتا ہے، آپ کی مرضی سے بانی کو ہسپتال منتقل نہیں کیا جاسکتا۔