پی ٹی آئی مکمل ناکام ہو چکی، علی امین گنڈا پور کا اعتراف
سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

پارٹی کی سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام ارکان اس ناکامی کے ذمہ دار ہیں، پی ٹی آئی کے اندر سب ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت سے ملاقات میں بھی مشکلات پیدا ہو رہی ہیں،انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی جا رہی اور یہ ہٹ دھرمی دل میں چور ہونے کی علامت ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے والے ارکان عجیب کہانیاں سناتے ہیں اور بانی کی صحت سے متعلق معلومات پر یقین نہیں کیا جاتا، انہیں بتایا جاتا ہے کہ قیادت غدار ہے اور لوگ پارٹی چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی تین درخواستوں پر سپریم کورٹ کا تحریری حکمنامہ جاری

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ دعا ہے عمران خان کی صحت ٹھیک رہے،عمران خان کی صحت ہماری ریڈ لائن ہے، بانی کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، پی ٹی آئی کو ایک متحد اور مستحکم قیادت کی ضرورت ہے تاکہ پارٹی دوبارہ اعتماد حاصل کرے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس اسلام آباد کے باہر پارٹی کارکنان کے ہمراہ دھرنے میں شریک ہیں۔