اپوزیشن کا عمران خان سے ملاقات تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ
متحدہ اپوزیشن تحریک تحفظ آئین پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن تحریک تحفظ آئین پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ جب تک اپوزیشن اتحاد کے کسی رہنما کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو گی ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے پر ہمارا دھرنا جاری ہے۔

ادھر سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ نے بھی کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی پارٹی عہدیدار کی ملاقات نہیں کروائی جاتی ہم دھرنا جاری رکھیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بتایا کہ آج اپوزیشن کے اجلاس میں علامہ ناصرعباس اور بیرسٹرگوہر نے پارلیمانی اراکین کو بریفنگ دی، پارٹی کی مرکزی کی قیادت کی مشاورت جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مکمل ناکام ہو چکی، علی امین گنڈا پور کا اعتراف

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے بانی پی ٹی آئی سے ان کے ذاتی معالجین کی ملاقات کروائی جائے، ہمارے مطالبات کی منظوری تک دھرنا مسلسل جاری رہے گا۔

علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کی صحت ہماری ریڈ لائن ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، پی ٹی آئی رہنما خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد کا احتجاج آج چوتھے روز بھی جاری ہے، اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس اور کے پی ہاؤس میں دھرنے دے رکھے ہیں۔