سندھ : گاڑی مالکان کے لیے بڑی سہولت متعارف
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ
نئے نظام کے تحت قومی شناختی کارڈ پر مشتمل گاڑیوں کے لیے دو نئی نمبر سیریز بھی جاری کر دی گئی/ فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سندھ میں گاڑی مالکان کے لیے بڑی سہولت متعارف کرا دی گئی، جہاں قومی شناختی کارڈ (CNIC) بیسڈ نمبر پلیٹس کا نظام باضابطہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے مطابق صوبائی موٹر وہیکل ترمیمی ایکٹ 2024 کے تحت اب گاڑی کی نمبر پلیٹ محض کسی گاڑی کے ساتھ منسلک نہیں رہے گی بلکہ اس کا اصل مالک وہ شخص ہوگا جس کے قومی شناختی کارڈ پر گاڑی رجسٹرڈ ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو زیادہ شفاف، محفوظ اور شہریوں کے لیے آسان بنانا ہے، تاکہ نمبر پلیٹس کے غلط استعمال، جعلی رجسٹریشن اور غیر قانونی ٹرانسفر جیسے مسائل کو کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بغر سود قسطوں پر ہنڈا موٹرسائیکلز حاصل کریں

محکمہ ایکسائز کے ترجمان نے بتایا کہ اس نئے نظام کے تحت قومی شناختی کارڈ پر مشتمل گاڑیوں کے لیے دو نئی نمبر سیریز بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ مزید یہ کہ اس پورے عمل کے لیے محکمہ ایکسائز کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد قانون کے مطابق صوبے بھر میں اس ترمیمی ایکٹ پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔

ترمیمی ایکٹ کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اب گاڑی مالکان اپنی قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ پرانی نمبر پلیٹ کو دوسری خریدی گئی نئی گاڑی پر بھی منتقل کر سکیں گے۔ یعنی اگر کوئی شہری اپنی پرانی گاڑی فروخت کر دے اور نئی گاڑی خرید لے تو وہ اپنی پسندیدہ یا شناختی نمبر پلیٹ کو نئی گاڑی پر لگوا سکے گا۔ اس سے نہ صرف رجسٹریشن کے عمل میں آسانی ہوگی بلکہ شہریوں کو نئی نمبر پلیٹ لینے کی اضافی جھنجھٹ اور ممکنہ تاخیر سے بھی بچایا جا سکے گا۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ نظام شہریوں کی سہولت کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی ملکیت کے ریکارڈ کو بھی مضبوط بنائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ CNIC بیسڈ نمبر پلیٹس کے نفاذ سے گاڑی کی شناخت زیادہ واضح ہوگی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بھی گاڑیوں کے معاملات میں تصدیق کا عمل تیز اور موثر ہو جائے گا۔