محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہر ملک کے مغربی اور جنوبی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے جس کے باعث تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
ماہرینِ موسمیات نے کوئٹہ، پشین، مسلم باغ، ژوب، زیارت، بارکھان، سبی اور قلات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، ساحلی اضلاع کیچ، پنجگور، واشک، خاران، خضدار اور گوادر بھی اس سسٹم کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں جہاں طوفانی ہوائیں چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3، زیارت میں 2، ژوب میں 5، سبی میں 13 اور تربت میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گوادر اور جیوانی میں بھی کم سے کم درجہ حرارت 13 سے 15 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب کا محنت کشوں کیلئے رمضان میں بڑا ریلیف
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث فصلوں، کمزور مکانات اور ٹرانسپورٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کراچی میں بھی منگل 17 فروری کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، بارش کے ساتھ گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔