اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کیلئے حکومت نے نیا ماڈل متعارف کر دیا
Punjab Apni Chhat Apna Ghar
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت بلاسود ہاؤسنگ کیلئے نیا ڈیجیٹل ماڈل منظور کر لیا، جس کے تحت اب بینک آف پنجاب براہِ راست قرضے جاری کرے گا۔

نئے ماڈل کے تحت 60 ارب روپے کے قرضوں سے مزید 40 ہزار کم لاگت گھر تعمیر کیے جائیں گے، قرض کی فراہمی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگی، جس میں انسانی مداخلت کم سے کم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق زمین کی تصدیق اب لینڈ ریکارڈ کے ذریعے کی جائے گی اور قرض کی رقم مرحلہ وار تعمیر سے منسلک ہوگی، تاکہ ہر مرحلے پر شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

حکومت پنجاب بینک کو مالی تحفظ فراہم کرے گی اور 9 فیصد کریڈٹ گارنٹی بھی منظور ہوگی۔ اس سے قبل اسکیم کے تحت قرضہ براہِ راست بینک آف پنجاب خود جاری نہیں کرتا تھا بلکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے ذریعے سبسڈی اور فنڈنگ کے ذریعے فراہم کیا جاتا تھا۔

نئی پالیسی کے مطابق قرض کی رقم بینک کی بیلنس شیٹ سے آئے گی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم (PITB) پر منتقل کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد اسکیم کی رفتار بڑھانا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا نیپرا کے سولر ریگولیشنز کا فوری نوٹس

حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد خاندان اپنی چھت اپنا گھر اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، نئے ڈیجیٹل ماڈل سے مزید خاندانوں کو کم لاگت گھروں کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ اس اصلاحی اقدام سے ہاؤسنگ اسکیم میں تیز رفتاری، آسانی اور ہر مرحلے پر کنٹرول ممکن ہو گا، جو ملک بھر میں کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ایک اہم قدم ہے۔