عمران خان سے ملاقات کا دن ،کون کون ملے گا؟
imran khan meeting day in Adyala Jail
فائل فوٹو
راولپنڈی:(ویب ڈیسک) اڈیالہ جیل میں آج بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقاتوں کا اہم دن ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز 6 رہنماؤں کے ناموں پر مشتمل فہرست جیل حکام کو ارسال کی تھی، جنہیں آج ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق فہرست میں امتیاز شیخ، مشرف آفریدی، اظہر غزوانی، محمد عبدالسلام آفریدی، فضل حکیم یوسفزئی اور اویس یونیس کے نام شامل ہیں۔ یہ تمام رہنما آج اڈیالہ جیل پہنچیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر زخمی

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے ہیں، اڈیالہ جیل کے اطراف اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر عارضی پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں۔ راولپنڈی شہر میں دفعہ 144 بھی نافذ العمل ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق جیل کے اطراف غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔