سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر زخمی
سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اپنے گھر میں گر کر زخمی ہو گئے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اپنے گھر میں گر کر زخمی ہو گئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ گرنے کی وجہ سے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں جبکہ سر پر بھی زخمی آیا، واقعہ کے بعد سابق آرمی چیف کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج معالجی جاری ہے۔

‏خاندانی ذرائع کے مطابق قمر جاوید باجوہ رات کے وقت باتھ روم میں پاؤں سلپ ہونے کیوجہ سے گرے، انہیں دماغ پر تین جگہ انتہائی سخت چوٹیں آئیں اور انٹرنل بلیڈنگ ہوئی جس پر انہیں فوراً سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تک ڈاکٹرز نا امید تھے تاہم آج انہوں نے اپنے دو بیٹوں کو پہچاناہے لیکن حالت ابھی بھی خطرے سے باہر نہیں ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں اور ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی حالت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ 

یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کی کمان نومبر 2016 میں سنبھالی تھی، انھیں اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا تھا، جنرل باجوہ کو فوج کی کمان جنرل راحیل شریف سے منتقل ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا نیپرا کے سولر ریگولیشنز کا فوری نوٹس

جنرل قمر جاوید باجوہ نے 24 اکتوبر سنہ 1980 میں فوج میں شمولیت اختیار کی، انہیں بلوچ رجمنٹ میں کمیشن ملا تھا، انہیں فوجی اعزاز نشان امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

وہ کینیڈا کی افواج کے کمانڈ اور سٹاف کالج، امریکہ کی نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی، مونٹیری (کیلیفورنیا) اور اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔

قمر جاوید باجوہ کوئٹہ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو اسلام آباد میں سکول آف انفینٹری اینڈ ٹیکٹیکس میں انسٹرکٹر رہے ہیں، وہ انفینٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر اور راولپنڈی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔

انہوں نے ایک انفینٹری بریگیڈ کے 16 بلوچ رجمنٹ کو بھی کمانڈ کیا اور شمالی علاقہ جات کے کمانڈر ایف سی این اے میں جی او سی کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔