سابق وزیراعظم سے اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی تک مکمل رسائی دی گئی ہے، دیکھ لیں میں تین گھنٹے بعد باہر آیا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کرانے تک مناسب نہیں مزید کچھ کہوں، عمران خان کی صحت ٹھیک ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان سے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو ملاقات کی اجازت دی تھی اور عدالت نے سلمان صفدر کو عمران خان کی بیرک تک مکمل رسائی دینے کا بھی حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر سلمان صفدر کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت
عدالت عظمیٰ نے بیرسٹر سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیا تھا تاکہ وہ آج ہی ذاتی طور پر جیل جا کر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کریں اور ان کی حالتِ زار، سہولیات اور مجموعی صورتحال پر ایک تفصیلی تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔
چیف جسٹس نے دوران سماعت اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سلمان صفدر کو عدالتی نمائندہ مقرر کر رہے ہیں، سلمان صفدر کو ملاقات میں کوئی مسئلہ پیش نہیں ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں موجودہ حالت بارے رپورٹ طلب کی ہے۔