پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول جوڑی عائزہ خان اور دانش تیمور ان دنوں سعودی عرب میں روحانی سفر پر موجود ہیں، مصروف فنی سرگرمیوں سے وقفہ لے کر دونوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی اور مدینہ منورہ میں بھی حاضری کا شرف حاصل کیا۔
اس بابرکت سفر کی جھلکیاں انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیں جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں، مکہ مکرمہ کی پرنور فضاؤں میں لی گئیں تصاویر میں دونوں اداکار نہایت پرسکون اور مطمئن دکھائی دے رہے ہیں تاہم انکے سادہ لباس اور عقیدت بھرے انداز نے مداحوں کو خاصا متاثر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نادرا نے قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور تبدیلی کا عمل آسان بنا دیا
ایک دہائی سے زائد عرصے سے ازدواجی زندگی گزارنے والی یہ جوڑی نہ صرف کامیاب فنکار ہے بلکہ بہتر والدین بھی ہیں جو دو بچوں کی پرورش خوش اسلوبی سے کررہی ہے، کیرئیر کے مختلف مراحل کے باوجود دونوں کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔
رمضان المبارک کی آمد سے قبل کیا جانے والا یہ روحانی سفر مداحوں کے لیے بھی باعث خوشی بنا ہے جہاں لوگ اداکار جوڑے کیلئے دعاؤں اور خیر سگالی کے پیغامات شیئر کررہے ہیں۔