وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت روزگار کے مواقع میں توسیع
فائل فوٹو
February, 10 2026
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت روزگار کے مواقعوں میں توسیع کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نوجوانوں کی مہارتوں اور روزگار کے مواقع میں سرمایہ کاری کے ذریعے آئندہ چار برسوں میں آئی ٹی برآمدات کو 2.5 ارب ڈالر سے بڑھا کر 25 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف رکھتا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اشتراک سے منعقدہ ایمپلائمنٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی کے تحت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ان کی ذاتی دلچسپیوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فروغ دے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صرف چھ ماہ کے دوران ڈیجیٹل یوتھ ہب پر تقریباً 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں جہاں سفارش کے بغیر میرٹ پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
رانا مشہود نے اعلان کیا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی ایک ماہ کے اندر لانچ کی جائے گی جس کا مقصد روزگار کے مواقع، اسٹارٹ اپس اور خواتین کی ورک فورس میں شمولیت کو فروغ دینا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ اس ایکسپو کا مقصد طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے جس کے لیے مختلف صنعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندے طارق ریاض نے کہا کہ روایتی ملازمتوں کی جگہ اب انٹرپرینیورشپ تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں کہ مالی وسائل کی کمی جدید کاروباری خیالات کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔
علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی کے اورینٹل کالج نے ہنگری کے سفارت خانے کے اشتراک سے معروف اسکالر اور سیاح سر مارک اوریل اسٹائن کی خدمات کے اعتراف میں ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا جس میں ان کی علمی خدمات اور ورثے کو اجاگر کیا گیا۔
ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے شجرکاری کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔