اعلامیہ کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس کور ہیڈکوارٹر پشاور میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، قومی سلامتی کے مشیر اور کورکمانڈر پشاور سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور میں رواں سال ہونے والے پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن میں نظم و نسق فوری طور پرصوبائی پولیس اور دیگر صوبائی اداروں کے زیر نگرانی ماڈل کے طور پر نافذ کیا جائے گا، کامیاب ماڈل کو خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع بالخصوص خیبر، اورکزئی اور کرم میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران مذکورہ اضلاع میں شروع کیے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی قسم کی عسکری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ایک خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جنید اکبر قیادت سے نالاں، پارٹی چھوڑنے کی دھمکی
اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی سربراہی میں خصوصی ذیلی کمیٹی میں منتخب نمائندگان،کور کمانڈرپشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور وفاقی اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، خصوصی ذیلی کمیٹی گورننس اور ترقی کے شعبوں میں منصوبوں کی نگرانی کرے گی۔
کمیٹی مقامی آبادی کی مستقل آمدنی کو یقینی بنانے کے لئے متبادل روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرے گی، کمیٹی عارضی طور پر بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے لئے مؤثر انتظامات بھی کرے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان مؤثر رابطوں کے ذریعے دہشت گردی جیسے اہم مسئلے سے نمٹنے کے لئے اہم پالیسی امور پر مکمل ہم آہنگی اور یکساں مؤقف کو یقینی بنایا جائے گا، نوجوانوں میں شدت پسندانہ سوچ کی روک تھام اور مثبت سوچ کے فروغ کے لئے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں غیر قانونی سم کارڈز، دھماکہ خیز مواد، اور بھتہ خوری و غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مرحلہ وار پروفائلنگ پر بھی توجہ دی جائے گی۔