جنید اکبر پی ٹی آئی سے سخت ناراض، پارٹی چھوڑنے کی دھمکی
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر و رکن قومی اسمبلی جنید اکبر
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر و رکن قومی اسمبلی جنید اکبر پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی سے ناراض ہیں/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر و رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی اور قیادت کے رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دیدی۔

جنید اکبر کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے، جس میں جنید اکبر کا کہنا ہے کہ ان کی برداشت ختم ہو چکی ہے اور وہ آج کے بعد نہ تو پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا حصہ رہیں گے، نہ چیف وہپ، پارلیمانی لیڈر یا کسی اور عہدے دار کو تسلیم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں فیصلے چند افراد روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہیں جبکہ دیگر اراکین کو ایوان میں بولنے کا موقع تک نہیں دیا جاتا، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ وہ سال میں چند ہی مواقع پر اسمبلی میں بولے ہیں جبکہ بجٹ اور اہم معاملات میں بھی نظر انداز کیا جاتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ کا فیصلہ

جنید اکبر نے سوال اٹھایا کہ کیا منتخب نمائندے روزانہ صرف رسمی حاضری کے لیے آتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر شرافت اور برداشت کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر نے مزید کہا کہ دہشتگردی جیسے سنگین معاملات پر بھی کسی میں یہ ہمت نہیں کہ سوال کرے کہ صوبائی حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کی ذمہ داری کیا ہے، جبکہ روزانہ معمولی باتوں پر مذاق اور تنقید کی جاتی ہے۔

جنید اکبر نے اعلان کیا کہ وہ پارلیمانی کمیٹی سے علیحدہ ہو رہے ہیں اور آئندہ اسپیکر سے براہِ راست بات کریں گے۔