پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے فیصلے سے متعلق پارٹی کی مرکزی قیادت کو آگاہ کر دیا ، لانگ مارچ اسلام آباد کی بجائے اڈیالہ جیل کی طرف کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لانگ مارچ کی قیادت کریں گے ، لانگ مارچ عید الفطر کے بعد کیا جائے گا ، لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان رمضان المبارک سے قبل کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 8 فروری کے روز پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کی کال دے رکھی تھی اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تھا، تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ گزشتہ روز احتجاج کامیاب رہا جبکہ حکومتی مؤقف کے مطابق عوام بسنت منانے میں مصروف تھے شہریوں نے تحریک انصاف کی احتجاج کی کال مسترد کردی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے فوری ملاقات کی استدعا مسترد، حکومت کو نوٹس

آج عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کا احتجاج بہت زبردست تھا، لوگوں نے جس طرح چپ کرکے ووٹ ڈالا تھا کل احتجاج بھی چپ کرکے کیا، پہلے یہ کہتے تھے گھر بیٹھو اب کہتے ہیں باہر نکلو، پاکستانیوں نے خاموشی سے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے کل دکانیں بند کرکے احتجاج کرنا تھا انہوں نے کیا جنہوں نے احتجاج نہیں کرنا تھا انہوں نے نہیں کیا، کل کا احتجاج کامیاب تھا آپ جو مرضی کہیں۔