اسحاق ڈار کے فرزند علی ڈار وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر مقرر
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے فرزند علی ڈار کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مشیر مقرر کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے فرزند علی ڈار کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مشیر مقرر کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق علی ڈار آرٹیفشل انٹیلی جنس و اسپیشل انیشیٹیو کے مشیر ہوں گے، علی ڈار کو صوبائی وزیر کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے، علی ڈار پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں بھی شرکت کر سکیں گے۔

مشیر علی ڈار صوبے میں گورننس کو بہتر بنانے اور ملازمتیں پیدا کرنے سمیت اے آئی کے استعمال سے مسائل کے حل کے لئے کام کریں گے۔

واضح رہے کہ علی ڈار وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بہن عاصمہ کے شوہر ہیں، علی ڈار یونیورسٹی آف لندن اور یونیورسٹی آف مانچسٹر انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلیم یافتہ ہیں، وہ ایچیسن کالج لاہور سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد 2000 میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی غرض سے برطانیہ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا سینکڑوں نوکریوں کا اعلان

ذرائع کے مطابق علی ڈار کی تقرری وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحاتی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت صوبائی سطح پر آرٹیفشل انٹیلی جنس، ڈیٹا اینالیٹکس اور اسمارٹ گورننس سسٹمز متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ علی ڈار کو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل اصلاحات اور پبلک سروس ڈیلیوری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔