بادل برسنے کو تیار،محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Balochistan weather update
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی، جہاں بارش لانے والا نیا موسمی سسٹم صوبے میں داخل ہونے والا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز یہ سسٹم بلوچستان میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خضدار، چاغی، واشک، سوراب، نوشکی اور مستونگ میں ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ کوئٹہ، پشین، چمن، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور ژوب میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ساحلی اور جنوبی اضلاع گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، قلات اور خاران میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت کے پہاڑی علاقوں میں کل رات ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب 9 سے 10 فروری کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا اور میانوالی میں بارش متوقع ہے۔ اسی دوران بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نور پور تھل، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلیو ورلڈ سٹی لاہور میں ہاٹ ایئر بیلون رائیڈز اور تفریح کا آغاز

 

 

 

لاہور میں آئندہ دنوں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ 8 سے 9 فروری کے دوران سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

مزید برآں 9 سے 10 فروری کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔