انرجی سیکٹر ڈیٹا تک عوامی رسائی یقینی بنائی جائے: وزیر توانائی
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری نے انرجی سیکٹر کے ڈیٹا تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری نے انرجی سیکٹر کے ڈیٹا تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے عوام، ریسرچرز، انرجی سیکٹر کے ماہرین اور طلبہ کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے انرجی سیکٹر ڈیٹا تک سب کی رسائی ممکن بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔

سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ مستند اور درست ڈیٹا تک عوامی رسائی سے متعلقہ فریقین کو پاور سیکٹر کی بہتری کے لیے تعمیری اور بامعنی تجاویز پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے شواہد پر مبنی مباحث اور مؤثر اصلاحات کے لیے ڈیٹا کی شفافیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام افراد کے لیے ڈیٹا کی آسان دستیابی سے جوابدہی میں اضافہ ہوگا اور پاور سیکٹر پر عوامی اعتماد مضبوط ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کو ایک اور ہائی وولٹیج جھٹکا دینے کی تیاری

وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے قیاس آرائیوں، غلط معلومات اور توانائی کے شعبے سے متعلق غلط یا نامکمل اعداد و شمار پر مبنی خبروں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

سردار اویس احمد خان لیغاری نے شفافیت اور باخبر فیصلوں کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے ڈیٹا تک وسیع رسائی تحقیق، جدت اور شعبے میں طویل المدتی منصوبہ بندی کو فروغ دے گی۔