بسنت کا جشن : دو نوجوان جاں بحق ، متعدد زخمی
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے موقع پر کٹی پتنگ لوٹنے کے دوران دو نوجوان جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے موقع پر کٹی پتنگ لوٹنے کے دوران دو نوجوان جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے سکھ نہر کے قریب 25 سالہ علی رشید کٹی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا جہاں کرنٹ لگنے سے اسکی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، ریسکیو ٹیم نے لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس کے مطابق دوسرا واقعہ بھی باغبانپورہ ہی میں پیش آیا جہاں 18 سالہ نوجوان پتنگ پکڑتے ہوئے چھت سے گر کر جان کی بازی ہار گیا، متوفی 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا ۔

علاوہ ازیں ڈیفنس فیز فائیو میں ایک نوجوان رافع پتنگ کی تیز دھار ڈور سے زخمی ہوا اور اسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، گلشن راوی میں 8 سال ارسہ اور 45 سالہ شبیر پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پتنگ بازی پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

لوئر مال کے علاقے میں 12 سالہ عبد الواحد ڈور پھرنے جبکہ 14 سالہ سلمان درخت پر چڑھ کر پتنگ اتارنے کی کوشش کے دوران گر کر زخمی ہو گیا، تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔

ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بسنت کے دوران اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں، خطرناک انداز میں پتنگ بازی اور کٹی پتنگ لوٹنے سے گریز کریں تاکہ مزید انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

ریسکیو حکام کا مزید کہنا تھا کہ بسنت کے موقع پر حفاظتی اقدامات کی کمی اور شہریوں کی لاپرواہی ایسے حادثات میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔