پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خیبر پختونخوا میں 2 الگ جھڑپیں ہوئیں۔2 الگ الگ جھڑپوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اورکزئی میں آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر جلد آزادی کی صبح دیکھے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
دوسری جانب ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر ایک اور آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 10 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں عزم استحکام وژن کے تحت جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم ہے، غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائیگا۔