بسنت کے لیے ٹرانسپورٹ پلان سامنے آگیا
محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے بسنت فیسٹیول 2026 کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور کے لیے ٹرانسپورٹ پلان جاری کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے بسنت فیسٹیول 2026 کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور کے لیے ٹرانسپورٹ پلان جاری کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بسنت کے موقع پر شہر بھر میں مختلف روٹس پر خصوصی بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے )اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ( پی ٹی سی )کی 199 بسیں مختلف روٹس پر تعینات ہوں گی۔

علاوہ ازیں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے ( کی 131 اضافی بسوں کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا ہے، بسنت کے تینوں ایام میں بسیں مختلف ڈپوز سے شفٹ وائز چلائی جائیں گی۔

جناح ٹرمینل ٹھوکر ، ریلوے اسٹیشن اور گرین ٹاؤن کو مرکزی ڈپو قرار دیا گیا ہے جبکہ سب سے لمبا روٹ جناح ٹرمینل سے بی آر بی تک 36 کلومیٹر ہو گا، پورا شہر بسنت کے موقع پر خصوصی ٹرانسپورٹ سے کور ہو گا۔

حکام کے مطابق بسنت کے موقع پر شہریوں کو آسان اور مفت سفری سہولت فراہم کرنے کا پلان جاری کیا گیا ہے، بس سروس کو روٹ وائز تقسیم کیا گیا ہے جبکہ اہم شاہراہوں پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بسنت پر لاہور کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

اس کے علاوہ پنجاب حکومت کا رائیڈ کمپنیوں ان ڈرائیو اور ینگو کے ساتھ بھی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت بسنت کے دنوں میں شہریوں اور سیاحوں کو مفت رکشہ اور کیب سروس فراہم کی جائے گی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ مفت ٹرانسپورٹ سہولت 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور میں جاری بسنت تقریبات کے دوران دستیاب ہوگی، اس اقدام کا مقصد شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا، پارکنگ کے مسائل سے نجات دلانا اور عوام کو محفوظ انداز میں تقریبات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب لاہور پارکنگ کمپنی نے اندرون شہر فری پارکنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اندرون لاہور کے 6 مقامات پر مفت پارکنگ کی سہولت فراہم ہو گی، بسنت کے دوران شہری بغیر فیس گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رش کو کم اور ٹریفک کو بہتر رکھنے کیلئے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے، فری پارکنگ سے شہریوں کو بسنت پر بڑا ریلیف ملے گا، لاہور پارکنگ کمپنی نے بسنت کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، فری پارکنگ اج سے ہی شروع کر دی گئی ہے جو آئندہ تین دن دستیاب رہے گی۔