پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بسنت کے دنوں میں صوبائی دارالحکومت لاہور و گردونواح میں موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے، 6 سے 8 فروری کے دوران لاہور کا موسم خشک رہے گا جب کہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بسنت کے ایام میں شہر کا درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بسنت کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے دوران بجلی کی تاروں اور چھتوں پر خاص احتیاط برتی جائے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بسنت کے دنوں میں مفت سفر کیسے کر سکتے ہیں؟ جانیے
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ دھاتی ڈور، کیمیکل ڈور اور غیر قانونی سامان کے استعمال سے مکمل طور پر گریز کیا جائے جب کہ موٹر سائیکل سوار حفاظتی ہیلمٹ اور سیفٹی راڈز کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں۔
دریں اثنا پی ڈی ایم اے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ 6 سے 8 فروری کے دوران شمالی اضلاع میں بارش جب کہ پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
بارش اور برفباری سے درجہ حرارت میں کمی ہو گی جس کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ، موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔