لاہور ہائیکورٹ و ماتحت عدالتوں میں بسنت کی چھٹیاں نہیں ہونگی
لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب کی عدالتوں میں بسنت کے باعث عدالتی تعطیلات نہیں ہوں گی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب کی عدالتوں میں بسنت کے باعث عدالتی تعطیلات نہیں ہوں گی۔

لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب کی عدالتوں میں 6 اور 7 فروری کو معمول کے مطابق کیسز کی سماعت ہو گی، عدالتیں کھلی رہیں گی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت کے موقع پر 6اور 7فروری کو پنجاب بھر میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا، پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی انتظامیہ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم کو عدالتیں دو روز بند رکھنے کی تجویز دی تھی۔

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ انتظامیہ کی تجویز مسترد کر دی، چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے دو روز عدالتیں کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ 6 اور 7 فروری کو لاہور ہائیکورٹ میں معمول کے مطابق کیسز کی سماعت ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: بسنت پر لاہور کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

ذہن نشین رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہورمیں کل بروز جمعہ سے بسنت کا آغاز ہو گا، حکومت کی جانب سے 7،6 اور 8 فروری کو صرف لاہور میں بسنت کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بسنت کے سازوسامان کی فروخت کی اجازت سے اب تک ایک ارب 22 کروڑ روپے سے زائد کی گڈی ڈور فروخت ہوئی، مارکیٹ میں ڈیڑھ تاوا گڈا 700 روپے، ایک تاوا 400 روپے اور پونا تاوا 300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ دو پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار روپے میں بک رہا ہے۔

لاہور کے علاقوں موچی گیٹ مارکیٹ، اسلامپورہ، ساندہ، سمن آباد، نوناریاں اور اچھرہ سمیت دیگر جگہوں پر پتنگوں، گڈوں اور پنوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور شہری بڑی تعداد میں تہوار کیلئے سامان کی خریداری کے لیے پہنچ رہے ہیں۔