وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس حوالے سے کہا کہ حکومت میرٹ پر شفاف بھرتیوں اور گڈ گورننس کے قیام کیلئے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی آسامیاں مختلف سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے مشتہر کی گئی ہیں تاکہ عوامی خدمات کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور نوجوانوں کو سرکاری شعبے میں آگے بڑھنے کا موقع ملے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ گریڈ 16 اور 17 کی تقریباً 4 ہزار خالی آسامیوں کی سمری بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہے۔ ان آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جن محکموں میں بھرتیوں کیلئے تحریری ٹیسٹ اور انٹرویوز کا عمل مکمل ہو چکا ہے، وہاں جلد ہی تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:حج 2026: عازمینِ حج کیلئے بائیو میٹرک کی آخری تاریخ کا اعلان
ان بھرتیوں سے نہ صرف ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ صوبائی محکموں میں موجود افرادی قوت کی کمی بھی پوری ہو سکے گی۔ اس فیصلے سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کا اعتماد سرکاری نظام پر مزید مضبوط ہوگا۔
نوجوانوں کی جانب سے اس اعلان کا بھرپور خیرمقدم کیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بھرتیوں کا عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔