پارٹی ذرائع کے مطابق 2 فروری کو خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے، اجلاس میں رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے 8 فروری کو لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش کی مخالفت کی۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شاہد خٹک کا مؤقف تھا کہ لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش سے خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی، صوبے کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، یہاں احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں، خیبرپختونخوا میں لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش سے ہمارے لیے مسائل پیداہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی 8 فروری کے احتجاج کی حکمت عملی سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے شاہد خٹک کی بات سے اتفاق کیا جبکہ شاہد خٹک نے اڈیالہ جیل کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شرکت نہ کرنے والوں کی فہرست بنا نے کی بھی تجویز دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر بھی دوران اجلاس برہم دکھائی دیے ، ان کا کہنا تھا کہ ہم پر ورکرز کا پریشر ہے، ہم کس کس کو راضی کریں؟ ہم علیمہ خان کو، ورکرز کو اور اب آپ کو، کس کس کو راضی کریں؟ اگر کچھ کرنا ہی ہے تو پھر تمام ارکان اسمبلی مستعفی ہو جاتے ہیں۔