خیبرپختونخوا : اے آئی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ
دنیا بھر میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس  (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت نے سکولوں میں اے آئی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) دنیا بھر میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت نے سکولوں میں اے آئی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے سکولوں میں چھٹی سے بارہویں جماعت تک اے آئی کو نصاب میں شامل کر کے پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ، نصاب میں اے آئی مارچ 2026 سے شامل ہو جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سکولوں میں پڑھائے جانے والے کمپوٹر سائنس کے مضمون میں اے آئی سے متعلق کوئی مواد موجود ہی نہیں، اب مختلف جماعتوں میں 35 سے 50 فیصد اے آئی پڑھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آرٹس گروپ کے طلبہ کو بھی پری میڈیکل میں داخلے کی اجازت

دوسری جانب سرکاری دستاویز کے مطابق صوبے میں تجربہ کار اساتذہ اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث اے آئی شروع کرنے میں مشکلات درپیش ہیں، اے آئی پڑھانے کے لیے جہاں درجنوں اساتذہ تو وہیں 5 ہزار 525 آئی ٹی لیبز کی بھی ضرورت ہے۔

دستاویز کے مطابق آرٹی فیشل انٹیلی جنس پڑھانے کے لیے صوبے کے ہائیر سیکنڈری سکولوں میں 225 اور مڈل سکولوں میں 3 ہزار 515 آئی ٹی لیبز درکار ہیں ، آرٹیفشل انٹیلی جنس پڑھانے کے لیے خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 5 سو 55 آئی ٹی اساتذہ کو بھرتی کیا جائے گا۔