نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مسافر بسوں کے کرایوں میں 50 روپے سے 150 روپےتک کا اضافہ کیاگیاہے۔
ذرائع کے مطابق لاہورسے راولپنڈی کا کرایہ 1600 سے بڑھا کر سے 1750 کر دیا گیا، لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ ڈیڑھ سو روپےاضافے کے بعد ایک ہزار 900 روپےوصول کیا جا رہا ہے جبکہ،لاہور سے گوجرانوالہ کے کرائے میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
مسافروں کا کہنا تھا کرائے بڑھنے سے مشکلات بڑھ جاتی ہیں ،روز مرہ کی اشیا بھی مہنگی ہوجاتی ہیں، شہریوں نےمطالبہ کیا ہےکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کرکےعوام کی ریلیف دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا 5 دن مسلسل تعطیلات کا بڑا اعلان
یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے جبکہ پٹرول کی قیمت آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لٹر پر بدستور برقرار رہے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، روپے کی قدر اور مالی دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔