پنجاب حکومت کا 5 دن مسلسل تعطیلات کا بڑا اعلان
5 days holidays Lahore
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور کے شہریوں کیلئے 4 فروری سے 8 فروری تک 5 روزہ خصوصی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔

ان تعطیلات میں قومی و مذہبی ایام کے ساتھ ساتھ شہر کا روایتی اور ثقافتی تہوار بسنت بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو طویل وقفہ میسر آئے گا۔

صوبائی حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تعطیلات کا آغاز 4 فروری کو شبِ برات سے ہوگا، جبکہ 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر قومی تعطیل منائی جائے گی۔ اس کے بعد 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جس کے نتیجے میں لاہور کے شہریوں کو مسلسل 5 دن کی چھٹیاں ملیں گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ان تعطیلات کے دوران سرکاری دفاتر، اسکولز اور کالجز بند رہیں گے تاکہ شہری بسنت کی تقریبات سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں اور اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ طویل تعطیلات کے اعلان پر شہریوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حکام نے بسنت کے دوران خصوصی طور پر پتنگ بازی سے متعلق حفاظتی اقدامات پر زور دیا ہے، کیونکہ ماضی میں ہجوم اور حادثات کے خدشات سامنے آتے رہے ہیں۔ شہری انتظامیہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے، ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ الرٹ رہیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:گیس سپلائی 48 گھنٹے کیلئے معطل کرنے کا اعلان

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان تعطیلات کا مقصد لاہور کی ثقافتی روایات کو فروغ دینا، عوام کو تفریحی مواقع فراہم کرنا اور سماجی سرگرمیوں کو فعال بنانا ہے۔ بسنت کو محفوظ اور منظم انداز میں منانے کیلئے مختلف تقریبات ترتیب دی جا رہی ہیں، جن میں موسیقی کی محفلیں، پتنگ بازی کے مقابلے اور کمیونٹی پروگرام شامل ہوں گے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس بار بسنت خوشگوار اور محفوظ ماحول میں منائی جائے گی۔