سابق رکن قومی اسمبلی پیر محمد شاہ کھگہ انتقال کر گئے
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی پیر محمد شاہ کھگہ انتقال کر گئے۔
فائل فوٹو
پاکپتن: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی پیر محمد شاہ کھگہ انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سینئر سیاست دان و سابق رکن قومی اسمبلی پیرمحمد شاہ کھگہ علیل تھے تاہم آج وہ خالق حقیقی سے جا ملے، اُن کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں شاہ کھگے میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، ارکان اسمبلی سمیت ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، پیر محمد شاہ کھگہ مرحوم کونمازجنازہ کے بعد اُن کے آبائی گاؤں کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے پیر محمد شاہ کھگہ کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا گیا اور مرحوم کے بلنددرجات کے لئے دعاکی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ گل پلازہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات

واضح رہے کہ سابق ایم این اے پیر محمد شاہ کھگہ سابق رکن صوبائی اسمبلی پیر احمد شاہ کھگہ کے بڑے بھائی تھے ، پیر محمد شاہ کھگہ تحریک انصاف کے ساتھ منسلک تھے، ان کا شمار بانی پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

علاقہ مکینوں نے پیر محمد شاہ کھگہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیر محمد شاہ کھگہ ایک بردبار، ملنسار اور عوامی مسائل سے آگاہ سیاست دان تھے جنہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی علاقے کے عوام کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔