رمضان المبارک: 45 ہزار سے کم آمدن والوں کیلئے بڑی خوشخبری
Punjab Ramadan Package
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کی آمد سے قبل پنجاب حکومت نے صوبے کے کم آمدن والے افراد کیلئے ایک بڑا ریلیف پیکیج متعارف کرا دیا۔

45 ہزار روپے سے کم ماہانہ آمدن رکھنے والے شہریوں کیلئے 47 ارب روپے مالیت کے نگہبان رمضان پیکیج کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس سے لاکھوں خاندانوں کو مقدس مہینے میں براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پیکیج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 42 لاکھ افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کیا جائے اور مستحق خاندانوں کو بنیادی اشیائے خورونوش مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک سے 5 روز قبل صوبے بھر میں رمضان سہولت بازار قائم کر دیے جائیں گے، جہاں روزمرہ استعمال کی اشیا ارزاں نرخوں پر فروخت کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز راشن کارڈز کے ذریعے مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے نقد امداد بھی فراہم کریں گی تاکہ وہ اپنی ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں۔

صوبائی وزیر کی جانب سے واضح کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بسنت کے موقع پر شہریوں کیلئے مفت ٹرانسپورٹ پلان فائنل

حکام کے مطابق نگہبان رمضان پیکیج کا مقصد صرف مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینا اور رمضان المبارک میں سہولت اور آسانی پیدا کرنا ہے۔

عوامی حلقوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیکیج مہنگائی سے متاثرہ طبقے کیلئے حقیقی سہارا ثابت ہوگا۔