بسنت کے موقع پر شہریوں کیلئے مفت ٹرانسپورٹ پلان فائنل
Basant Lahore 2026
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے لاہور میں بسنت کے دوران مفت ٹرانسپورٹ کا جامع پلان حتمی شکل دے دی، تاکہ شہری محفوظ اور آسان طریقے سے جشن منانے کیلئے سفر کر سکیں۔

کمشنر لاہور ڈویژن کی منظوری کے بعد یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر گیا ہے، جس کے تحت شہری میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین سے بلا معاوضہ سفر کر سکیں گے۔

کمشنر لاہور نے بتایا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی، نجی رائیڈر کمپنیاں اور مختلف سرکاری تعلیمی ادارے بسنت کے موقع پر مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے۔

جاری کردہ پلان کے مطابق لاہور کے 24 اہم روٹس پر مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ لاہور کے فیڈر روٹس سے 228 بسیں، میٹرو بس سروس کی 64 بسیں، سرکاری کالجز سے 54 اور یونیورسٹیز سے 73 بسیں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین سے یومیہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار افراد سفر کر سکیں گے، جبکہ میٹرو بس سروس سے یومیہ 87 ہزار افراد مستفید ہو سکیں گے۔ لاہور کے فیڈر روٹس کے ذریعے یومیہ 1 لاکھ 27 ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اہم روٹس پر چلنے والی بسیں یوں تقسیم کی گئی ہیں:

رانا ٹاؤن تا ریلوے سٹیشن 13، آر اے بازار تا چونگی 4، بھٹی چوک تا شاد باغ 5، ڈپو چوک تا چونگی 4 اور کنال سے جناح ٹرمینل تک 12 بسیں، دیگر روٹس میں ریلوے سٹیشن تا گلشن راوی 8، وحدت روڈ تا قرطبہ چوک 11، آر اے بازار تا ناصر باغ 13، پرانا کاہنہ تا آر اے بازار 19، بھٹی چوک تا آر اے بازار 19 اور جناح بس ٹرمینل تا بی آر بی 17 بسیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں 16ارب روپے کی مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف

مجموعی طور پر بسوں کے ذریعے یومیہ 5 لاکھ 16 ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں نجی کمپنیوں کے 5 ہزار رکشے برانڈنگ کے بعد شہریوں کیلئے مفت سفر کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔

حکومتی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پلان کے مطابق مفت ٹرانسپورٹ استعمال کریں اور جشن کو محفوظ، خوشگوار اور منظم انداز میں منائیں۔