پی ٹی آئی کو عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ
عمران خان
پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ بانی عمران خان کی آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج کے باعث بینائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی عمران خان کی آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج کے باعث بینائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ میں سی آر وی او کی تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج پیدا ہو چکی۔ پی ٹی آئی نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق یہ سنگین طبی مسئلہ ہے، اس کے نتیجے میں بینائی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل انتظامیہ علاج جیل کے اندر کرانے پر بضد ہے، جبکہ ڈاکٹرز نے واضح طور پر اسے ناممکن قرار دیا ہے کیونکہ سی آر وی او کے علاج کیلئے آپریشن تھیٹر اور خصوصی طبی سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے، جو جیل کے اندر ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی فیملی اور رفقا سے فوری ملاقات کرائی جائے اور انہیں مناسب اور فوری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ نہ نیا پاکستان بنا نہ پرانا واپس لوٹا اور نہ ہی ہائبرڈ نظام چل سکا ہے ۔ میری گزارش ہے جو بھی بانی سے ملاقات کرا سکتا ہے ملاقات کرا دے ۔ جتنا رخنہ ڈالا جائے گا حالات اتنے ہی خراب ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر خان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بانی کی آنکھ میں انفیکشن کی بات میڈیا سے پتہ چلی ہے اگر ایسا کوئی معاملہ ہے تو یہ تشویش کی بات ہے۔

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت شفیع جان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ہمیں بڑی تشویش ہے لہذا کسی بھی رہنما یا ان کی بہن کی ان سے 5 منٹ کیلئے ملاقات کروائی جائے ۔ میڈیا کے ذریعے پتا چلابانی کی ایک آنکھ کی ایک وین بلاک ہو گئی ہے۔