وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے/ فائل فوٹو
اسلام آباد (سنو نیوز): ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات اور ساکھ متاثر کرنے کے کیس میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے گرفتاری کا حکم دے دیا۔

یہ فیصلہ سینئر سول جج عباس شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پر الزامات لگانے اور ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کے مقدمے کی سماعت کے دوران کیا۔ عدالت نے سہیل آفریدی کی عدم حاضری پر انہیں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں فوراً گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:شوکت خانم ہسپتال کیجانب سے عمران خان کی صحت بارے پیغام

عدالت نے اس کیس کی مزید سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی ہے تاکہ اس کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ (پیمنٹ آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ) کے تحت این سی سی آئی اے (نیشنل کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی) نے درج کر رکھا ہے۔

اس کیس میں الزام ہے کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے عوامی سطح پر ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات لگائے تھے، جس سے ان اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچا تھا۔ اس کے علاوہ، ان کے الزامات کے باعث عوام میں ریاستی اداروں کے خلاف منفی تاثرات پھیل گئے تھے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کے موکل کی غیر حاضری پر سخت کارروائی نہ کی جائے، تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا۔