محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کے فیصلے میں توسیع سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے اسکول 4 فروری تک صبح 9 بجے ہی کھلیں گے، فیصلے کا اطلاق سرکاری و نجی اسکولز پر یکساں ہو گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیصلے کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو سرد موسم کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنا ہے، جاری کردہ شیڈول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ میں شدید سردی کے پیش نظر 11 جنوری سے سرکاری اور نجی اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی تھی اور جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ اسکول صبح 9 بجے کھولے جائیں گے جبکہ ان کے بند ہونے کا وقت پہلے کی طرح معمول کے مطابق رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان، اوقات کار جاری
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ فیصلے کا اطلاق پیر 11 جنوری سے 26 جنوری تک رہے گا تاہم اب شدید سردی کی جاری لہر کے باعث صوبے بھر کے نجی و سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز صبح 9 بجے سے شروع کرنے کے فیصلے میں 4 فروری تک توسیع کی گئی ہے۔