ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق صوبے بھر کے اسکولز صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے،تاکہ طلبہ کیلئے تعلیم کا معمول شروع ہو جائے۔
اسکول کے اوقات کار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بچوں کی چھٹی روزانہ دوپہر 1 بج کر 30 منٹ ہوگی، جبکہ اساتذہ کیلئے چھٹی 2 بج کر 30 منٹ مقرر کی گئی ہے تاکہ تدریسی عمل اور انتظامی امور بلا تعطل جاری رہ سکیں۔ جمعہ کے روز بچوں کی چھٹی 12:15 پہ ہوگی۔
ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے واضح کیا گیا کہ موجودہ اوقات کار میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تمام تعلیمی ادارے اسی نظام کے مطابق انتظامات مکمل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے تعلیمی بورڈز کا سالانہ امتحانی شیڈول جاری
انتظامیہ نے والدین اور اساتذہ کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں اور طلبہ کو مقررہ وقت پر اسکول بھیجیں اور تمام حفاظتی و تعلیمی ہدایات پر عمل کریں۔
ماہرین تعلیم کے مطابق اسکولز کے کھلنے سے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بہتر ہوں گی بلکہ ان کی سماجی اور نفسیاتی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا ہوگا۔ والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم اور صحت کے توازن کو برقرار رکھتے ہوئے نئے تعلیمی سال کا آغاز کریں۔
پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے مقررہ تاریخ سے کھلنے کے بعد طلبہ کی تعلیم میں تسلسل اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔