سٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں آج وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے صوبے کے مختلف شہروں کا دورہ کررہے ہیں، سہیل آفریدی آج سوات، مینگورہ، بٹ خیلہ اور تیمرگرہ کے دورے پر ہیں۔
سوات بے میں پی ٹی آئی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام نے عمران خان کی جماعت کو مینڈیٹ دیا، راج بھی بانی پی ٹی آئی کا ہی چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ منتخب کیا تو ایک جگہ سے مخالفت کی گئی، میرے وزیر اعلیٰ بننے کے خلاف بیانیے بنائے گئے، اب بھی خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے اور مجھے نااہل کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جمعرات کو قیادت کے ساتھ اڈیالہ جیل جاؤں گا، سہیل آفریدی
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا ناممکن ہے، مذاکرات اور احتجاج کا اختیار بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصرعباس کو دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ووٹ بانی پی ٹی آئی کو دیا ہے، میں خود وادی تیراہ جاؤں گا وہاں کے لوگوں کے ساتھ جرگہ کروں گا اور جو بھی بات ہوگی، وہ ثبوت کے ساتھ ہو گی۔
دوسری جانب سینئر رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عملدرآمد چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔