افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 2 کمسن بچوں سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار انتہائی تیز رفتاری سے ڈسکہ روڈ پر جا رہی تھی، ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ بے قابو کار سیدھا کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی، جس کے باعث گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار افراد کو سنبھلنے کا موقع تک نہ مل سکا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ منتقل کر دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 سالہ عزا، 6 سالہ زمان، 38 سالہ سلمان، 58 سالہ اسلام اور 29 سالہ عمران شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہورکے نجی ہوٹل میں آگ لگ گئی،3 افراد جانبحق
پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور اہلِ علاقہ نے سڑکوں پر بڑھتے حادثات پر تشویش کا اظہار کیا۔
شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، سڑک کنارے کھڑی بھاری گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔