سابق کرکٹر عبدالقادر کے بیٹے کیخلاف گھریلو ملازمہ سے جنسی زیادتی کا مقدمہ درج
Sexual assault case Lahore
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے برکی میں سابق قومی کرکٹر عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر پر گھریلو ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق گھریلو ملازمہ کو سلمان قادر نے فون کر کے جلد کام پر آنے کا کہا، متاثرہ خاتون جب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مین گیٹ پر پہنچی تو سلمان قادر نے اسے گاڑی میں بٹھایا اور مبینہ طور پر اپنے فارم ہاؤس لے گیا، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کیا، جس پر مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لیا گیا، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بیانات ریکارڈ کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق کیس کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے مختلف اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو قانونی اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایکس اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے؟ عمران خان کا بتانے سے انکار

پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے، کسی بھی قسم کے دباؤ کے بغیر کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب واقعے نے علاقے میں تشویش پیدا کر دی ہے، شہری حلقوں کی جانب سے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور متاثرہ خاتون کو فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔