ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی ایکس اکاؤنٹ سے متعلق جاری تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے، عمران خان نے یہ بتانے سے انکار کر دیا ہے کہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کون چلا رہا ہے۔
این سی سی آئی اے نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تفتیش کے حوالے سے اپنا مؤقف باضابطہ طور پر پیش کر دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی بعض ٹوئٹس پر دو الگ الگ انکوائریز شروع کی جا چکی ہیں، جو 19 مئی اور 13 ستمبر 2024 کو رجسٹرڈ ہوئیں اور تاحال زیر التوا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما بلال منصور پیپلزپارٹی میں شامل
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک تفصیلی رپورٹ جمع کرائی، جو ایکس اکاؤنٹ کی معطلی کیلئے دائر درخواست کے تناظر میں عدالت کے احکامات پر تیار کی گئی۔ رپورٹ میں عدالت کو تحقیقات میں اب تک کی پیش رفت اور اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
تحقیقاتی ٹیم نے متعدد بار اڈیالہ جیل کا دورہ کیا تاکہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو چلانے والے افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں، تاہم تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ایکس پر موجود اس اکاؤنٹ کو کون آپریٹ کر رہا ہے۔