پی ٹی آئی رہنما بلال منصور پیپلزپارٹی میں شامل
پی ٹی آئی رہنما بلال منصور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما بلال منصور نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پاکستان کی سیاسی صورتحال میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما بلال منصور نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور سے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما بلال منصور نے ملاقات کی۔ جس میں سندھ کے سینئر وزیر سعید غنی، صوبائی وزیر سہیل انور سیال اور کراچی کے ڈپٹی میئر سلمان مراد بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سیاسی امور، موجودہ حالات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کا بسنت کے ایام مفت سفری سہولیات کا اعلان

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران بلال منصور نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس کا اعلان موقع پر ہی کیا گیا۔ فریال تالپور نے بلال منصور کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی کو کراچی اور سندھ میں مزید تقویت ملے گی۔ پیپلز پارٹی قیادت کا کہنا تھا کہ نوجوان اور متحرک سیاسی رہنماؤں کی شمولیت پارٹی کے پیغام کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اس سے قبل بھی ڈیڑھ ماہ قبل مظفرآباد میں پی ٹی آئی کو بڑا سیاسی نقصان اٹھانا پڑا تھا، جہاں پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار اسمبلی سردار شاہنواز اختر نے اپنے سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔