بسنت کے موقع پر 4 دن کی تعطیلات کا اعلان
Basant holidays Lahore
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے شہریوں کیلئے بسنت کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر حکومت پنجاب نے 6 فروری کو لاہور میں مقامی تعطیل کی منظوری دے دی۔

 

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ابتدا میں 5 فروری کو تعطیل کی تجویز دی تھی، تاہم حتمی مشاورت کے بعد پنجاب حکومت نے 6 فروری کو مقامی تعطیل قرار دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات شامل ہونے سے لاہوریوں کو ایک مکمل لانگ ویک اینڈ مل گیا ، جس سے شہر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بسنت کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد تقریبات میں شرکت کرے گی، جس کے پیش نظر سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی۔

ڈی سی لاہور نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے کم عمر بچے صرف اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ہی بسنت منا سکیں گے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہورکے نجی ہوٹل میں آگ لگ گئی،ایک شخص جھلس گیا

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور متعلقہ محکمے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے سیکیورٹی پلان کے تحت شہر کو ریڈ، یلو اور گرین زونز میں تقسیم کر دیا، حساس اور گنجان آباد علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیا جہاں سخت ترین پابندیاں نافذ ہوں گی، جبکہ نسبتاً کم خطرناک علاقوں کو یلو اور مکمل طور پر محفوظ علاقوں کو گرین زون میں شامل کیا گیا ہے۔