ذرائع کے مطابق اغوا کاروں نے مغوی عابد وزیر کو یہ شرط عائد کرتے ہوئے چھوڑا کہ وہ واقعے کی اطلاع سی سی ڈی کو نہیں دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے عابد وزیر سے کہا کہ تاوان ادا نہ کریں بلکہ اگر ضرورت ہو تو ہم سے پیسے لے جائیں۔ مزید حیران کن بات یہ ہے کہ اغوا کاروں نے مغوی کو بس میں بٹھایا اور کرایہ بھی خود ادا کیا، ساتھ ہی تاکید کی کہ سی سی ڈی کو بتایا جائے کہ کسی نے اغوا نہیں کیا۔
واضح رہے کہ نجی کالج کے مالک عابد وزیر کو بدھ کے روز اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزمان نے مغوی کے ورثا سے 16 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
واقعے کے بعد سی سی ڈی نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا اور مختلف پہلوؤں سے کیس کو ٹریس کیا گیا، جس کے نتیجے میں اغوا کار دباؤ میں آ گئے۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ادارہ ملزمان کے بہت قریب پہنچ چکا ہے اور جلد ہی گرفتاریاں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا نے شناختی کارڈ ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی
حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کے قیام اور مؤثر حکمتِ عملی کے باعث پنجاب بھر میں سنگین جرائم کی شرح میں 65 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مضبوط کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کیلئے خوف کی علامت بن چکی ہیں، جس سے شہریوں میں تحفظ کا احساس مزید مضبوط ہو رہا ہے۔