گیس 48 گھنٹے کے لئے بند رکھنے کا اعلان
سوئی سدرن گیس کمپنی
سوئی سدرن گیس کمپنی نے صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کے لیے آج سے 48 گھنٹے کے لیے گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کیا گیا/فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): سوئی سدرن گیس کمپنی نے صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کے لیے آج سے 48 گھنٹے کے لیے گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سردیوں کے دوران گھریلو استعمال میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے باعث گیس کے نظام پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ اسی دباؤ کو کم کرنے اور گھروں و کاروباری مراکز کو بنیادی ضروریات کے مطابق گیس فراہم کرنے کے لیے صنعتوں، کیپٹو پاور پلانٹس اور سی این جی اسٹیشنز کے لیے عارضی طور پر گیس بند کی جا رہی ہے۔ اس فیصلے کے تحت ہفتہ کی صبح 8 بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک صنعتی صارفین اور سی این جی سیکٹر کو گیس دستیاب نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے شناختی کارڈ ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی

سوئی سدرن کے مطابق گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے پہلے ہی گیس لوڈ مینجمنٹ کا شیڈول نافذ ہے، جس کے تحت رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی منقطع رکھی جاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس شیڈول کے باوجود سرد موسم میں طلب پوری کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، اسی لیے صنعتی شعبے میں عارضی بندش ناگزیر ہو گئی ہے۔

گیس بندش کے اس فیصلے پر صنعتی حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار بھی سامنے آ رہا ہے، کیونکہ اس سے پیداواری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ بار بار گیس کی بندش سے لاگت میں اضافہ ہوتا ہے اور برآمدات پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔ تاہم سوئی سدرن کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں صارفین کی ترجیحی درجہ بندی کے تحت گھریلو ضروریات کو اولیت دینا ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ سوئی سدرن نے سردیوں کے دوران گیس کی فراہمی محدود کی ہو۔ چند روز قبل بھی گھریلو صارفین کو بہتر گیس فراہم کرنے کے لیے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتی سیکٹر کو عارضی طور پر گیس بند کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی گیس کی دستیابی میں بہتری آئے گی، صنعتی اور سی این جی سیکٹر کے لیے فراہمی بحال کر دی جائے گی۔