پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ ڈیرہ اسماعیل میں قریشی موڑ کے قریب پیش آیا جہاں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر پر شادی کی تقریب کے دوران خوفناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت شادی کی تقریب میں امن کمیٹی کے متعدد اراکین موجود تھے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ سکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد فوری بعد فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: چترال، برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق
ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ امن کمیٹی کے رہنماؤں کے گھر میں منعقدہ شادی کی تقریب میں ہوا، خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعہ پر افسوس اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ،گورنر فیصل کنڈی نے اعلیٰ حکام سےفوری رابطہ کیا اور واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ڈیرہ دھماکے کے زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کی جائے، دھماکہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا دکھ ہوا۔