ریسکیو 1122 کے مطابق لینڈسلائیڈنگ کا واقعہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کی تحصیل دروش کے پہاڑی علاقے دمیل میں پیش آیا جہاں برفانی تودہ گرنے سے رہائشی عمارت مکمل طور پر زمیں بوس ہو گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 دروش کی دو ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں، ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 10 افراد ملبے تلے دب گئے،8 افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں جبکہ مزید 2 افراد کی تلاش جبکہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حادثے میں مجموعی طور پر 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہے، زخمی بچے اور لاشوں کو دمیل نثار سے چترال شہر منتقل کیا جائے گا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تیز بارش اور شدید برفباری، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا
صدرِ آصف علی زرداری نے تعزیتی پیغام میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے او رلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش، برفباری اور اچانک شدید سردی موسمیاتی ہنگامی صورتحال کی واضح نشانیاں ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق پیشگی تیاری اور نقصانات کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدرِ مملکت نے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات تیز کریں اور عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے بروقت معلومات کی فراہمی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔